تاجروں کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کالعدم قرار دینے کی درخواست، وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے تاجروں کے کالے دھن کو سفید کرنے والی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو کالعدم قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو 20 اکتوبر کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ حکومت نے سیاسی مقاصد کے لئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ٹیکس چوروں کو تحفظ دیا ہے۔ سکیم تاجروں اور عام شہریوں میں امتیازی سلوک ہے اور جزا و سزا کے اصولوں کے منافی ہے۔ ٹیکس چوروں کو عام معافی آئین پاکستان اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ آئین کے تحت شہریوں سے امتیازی سلوک کیا جاسکتا ہے نہ ہی ٹیکس چوروں کو رعایت دی جا سکتی ہے۔ سرکاری وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی۔