حافظ آباد: کمبائن مشین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا جاں بحق

14 اکتوبر 2016

حافظ آباد/ پیرمحل (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) حافظ آباد میں کمبائن مشین کی ٹکر سے باپ بیٹا، پیرمحل میں ٹریکٹر ٹرالی نے 2 بھائیوں کو کچل کر مار ڈالا۔ تفصیل کے مطابق حافظ آباد کے گائوں مڑھ چٹھہ کا رہائشی یاسر عباس اپنے تین سالہ بیٹے محمد احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر دوائی لینے کے لئے رامکے چٹھہ کی جانب جارہا تھا کہ راستہ میں سامنے سے آنے والی کمبائن مشین جسے حسن نامی ڈرائیور چلا رہا تھا، نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں یاسر عباس اور اسکا بیٹا دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور مشین چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ باپ بیٹے دونوں کی نعشیں گھر پہنچیں تو کہرام برپا ہو گیا۔ پیرمحل کے قریب زیرتعمیر موٹر وے درکھانہ انٹرچینج کے قریب پانی کے چھڑکائو کی وجہ سے موٹر سائیکل سلپ ہو جانے پر کاشف عباس اپنے دو سالہ بھائی محمد ابوبکر اور والدہ کے ہمراہ سڑک پر گر گئے، پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے ان کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں دونوں بھائی کاشف عباس اور محمد ابوبکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی خاتون کو سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق مشتعل افراد نے حادثہ کا سبب بنے والی ٹریکٹر ٹرالی کو بھی جلا ڈالا۔