ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر گرفتار تمام افراد رہا

14 اکتوبر 2016

لاہور + فیصل آباد (این این آئی+ نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) یوم عاشور کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا اور مقدمات درج کئے گئے تاہم انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کے احکامات کے بعد گرفتار کئے گئے تمام افراد کو رہا کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی جی پنجاب مشاق سکھیرا نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے پرامن طور پر اختتام پذیر ہونے کے فوری بعد صوبے بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کے خاتمے کا اعلان کیا جبکہ اس کے ساتھ ڈبل سواری کی خلاف ورزی میں گرفتار افراد کی گاڑیوں کے کاغذات مکمل ہونے پر ان کی رہائی کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ۔ آئی جی پنجاب نے محرم الحرام میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر اڑھائی سو سے زائد افراد کو گرفتار کر کے 110 مقدمات درج کئے گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس نے ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنیوالے 8 سو سے زائد افراد کو حراست میں لیکر انکے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر 16 افراد کے خلاف آٹھ الگ الگ مقدمات درج کئے گئے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والے 22 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے 44 افراد گرفتار کئے گئے اور پچاس کے قریب موٹرسائیکلیں بھی بند کی گئیں۔ منڈی بہاؤالدین سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 200 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں تھانوں میں بند کر کے موٹرسائیکل قبضہ میں لی گئیں۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر 9 مقدمات رج کر کے 18 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 49 موٹرسائیکل سواروں کو حراست میں لیا گیا۔

مری بکل دے وچ چور ....

فاضل چیف جسٹس کے گذشتہ روز کے ریمارکس معنی خیز ہیں۔ کیا توہین عدالت کا مرتکب ...