مسلم لیگ (ن) کے پارٹی الیکشن کیلئے تیاریاں، کاغذات 17اکتوبر کو وصول ہونگے

14 اکتوبر 2016

لاہور (فرخ سعید خواجہ)مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ مرکز میں 18 اکتوبر کو کنونشن سنٹر میں سینیٹر جعفر اقبال کی سربراہی میں پانچ رکنی الیکشن کمشن اور صوبہ پنجاب میں صوبائی الیکشن کمشنر منشا اللہ بٹ کی سربراہی میں صوبائی الیکشن کمشن ایکسپو سنٹر لاہور میںصوبائی عہدیداران کا چناؤ کرائے گا۔ مرکزی عہدیداروں کا چناؤ 1400 رکنی مرکزی جنرل کونسل اور پنجاب کے صوبائی عہدیدارروں کا چناؤ 1200 رکنی صوبائی کونسل کرے گی۔مرکزی جنرل کونسل میں پنجاب سے 680،سندھ سے 270،خیبر پی کے سے 220،بلوچستان سے 80، اسلام آباد سے 30، آزاد جموں و کشمیر سے 80اور گلگت بلتستان سے 20 ممبران جنرل کونسل الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے حقدار ہوں گے۔ مرکزی الیکشن کمشن کے ممبران سینیٹر بیگم نجمہ حمید، بابو سرفراز جتوئی، علی اظہر جدون اور میر افضل مندوخیل ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشن ممبران سلیم ضیا سندھ، رمیش کمار خیبر پی کے و دیگر دو ممبران صوبائی عہدیداروں کا الیکشن کرائیں گے۔ گزشتہ روز مرکزی الیکشن کمشن کا اجلاس چیئرمین سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں طے پایا سوموار 17 اکتوبر کوکاغذات نامزدگی برائے عہدیدار اسلام آباد میں صبح 10 تا شام 4بجے تک وصول کیے جائیں گے۔کاغذات کی جانچ پڑتال صبح 9 سے 10 بجے تک ہوگی جبکہ کاغذات ساڑھے 10 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے۔ انتخابی عمل صبح 11 بجے شروع ہو گا جس کے مکمل ہوتے ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔