بلدیاتی اداروں کی خصوصی نشستوں کیلئے امیدوار آج اور کل کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے

14 اکتوبر 2016

لاہور + گوجرانوالہ (خبر نگار + نمائندہ خصوصی) بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ آج سے باقاعدہ شروع ہو جائے گا۔ بلدیاتی اداروں کی خصوصی نشستوں کیلئے امیدوار آج اور کل کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ گزشتہ دوپہر تک لاہور کی 274 یونین کونسلوں‘ صوبے کی ایک میٹرو یونین کارپوریشن‘ 11 میونسپل کارپوریشنوں‘ 35 ضلع کونسلوں‘ 182 میونسپل کمیٹیوں اور 4015 یونین کونسلوں کی مخصوص نشستوں پر الیکشن لڑنے کے خواہشمند مردوں اور عورتوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے تھے۔ یہ کاغذات نامزدگی آج اور کل جمع کرائے جائیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اور 18 کو ہوگی اور 20 تاریخ کو اپیل کی جا سکے گی۔ کاغذات نامزدگی 24 اکتوبر کو واپس لئے جائیں گے۔ 35 ضلع کونسلوں‘ 11 میونسپل کارپوریشنوں اور لاہور کی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی خصوصی نشستوں کے انتخابات 8 نومبر‘ 182 میونسپل کمیٹیوں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات 10 نومبر اور 4015 یونین کونسلوں کی خصوصی نشستوں کے انتخابات 12 نومبر کو ہونگے۔ ادھر گوجرانوالہ کے بلدیاتی اداروں کی 762 مخصوص سیٹوں کیلئے کاغذات نامزدگی آج سے جاری کئے جائیں گے۔ میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کی ریٹرننگ افسر ڈی او سی ڈاکٹر رانی حفصہ نے اس سلسلے میں بتایا کہ امیدواران آج اور کل کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ 17 اور 18 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ امیدواروں کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 20 اکتوبر کو دائر کی جا سکیں گی۔ 22 اکتوبر کو اپیلٹ اتھارٹی تمام اپیلوں پر فیصلے سنائے گی۔ 24 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی لسٹ 25 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔