نئی دہلی : کشمیریوں پر مظالم کیخلاف طلبہ ری ریلی‘ مودی کا پتلا نذر آتش....

14 اکتوبر 2016
نئی دہلی : کشمیریوں پر مظالم کیخلاف طلبہ ری ریلی‘ مودی کا پتلا نذر آتش....

نئی دہلی/نیویارک (آن لائن+ اے پی پی) جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو راون قرار دے کر پتلا نذر آتش کر دیا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کے جاری مظالم اور مودی کی پالیسیوں کے خلاف ریلی نکالی ۔ ریلی کے شرکاءنے مودی سرکار اور بی جے پی کے دیگر رہنماﺅں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ طلبہ نے وزیر اعظم مودی کو راون قرار دے کر پتلا نذر آتش کیا۔ مودی کے پتلے پر بی جے پی کے دیگر رہنماﺅں کی تصویریں بھی لگا رکھی تھیں۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دریں اثنا شمالی امریکہ میں مقیم سکھ کمیونٹی نے بھارتی سرحدی ریاست پنجاب میں فوجی نقل وحمل ،افواج کی تعداد میں اضافہ اورپاکستان کے ساتھ کشیدگی کے خلاف بدھ کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر ایک ریلی نکالی۔مظاہرین نے پلے کارڈز اوربینرزاٹھا رکھے تھے جن پر”بھارتی جنگی جنون نامنظور“، اور بھارتی مقبوضہ پنجاب کی آزادی کیلئے ریفرنڈم کے حق میں نعرے درج تھے۔سکھ فارجسٹس کے وفد نے اس موقع پر اقوام متحدہ میں یوراگوئے کے مستقل مشن کے سفارت کاروں سے ملاقات کی اورانہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں بھارتی پنجاب کو میدان جنگ بننے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ یادداشت میں کہا گیا بھارتی پنجاب میں فوجی بلڈاپ ،افواج کی تعدا دمیں اضافہ کے اثرات مرتب ہونا شروع ہوچکے ہیں۔
مودی/پتلا نذرآتش