ڈے اینڈ نائیٹ میچ ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل ہے:مصباح الحق

14 اکتوبر 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز بین الاقوامی کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں شائقین کی جو دلچسپی موجود ہے اس میں بہت ضروری ہے کہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز ہوں۔ ٹیسٹ کرکٹ کو زندہ رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور یہ ایک اچھا قدم ہے۔ انھیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کے 400ویں ٹیسٹ میچ اور پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کا حصہ بن رہے ہیں۔یہ کسی بھی کرکٹر کے لیے خوشی کی بات ہوتی ہے کہ وہ کسی اہم موقع کا حصہ بنے اور ان کی کوشش ہوگی کہ اس اہم ٹیسٹ میچ کو جیت سے یادگار بنا سکیں۔ عالمی رینکنگ کی بجائے زیادہ توجہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر ہے جسے جیتنا چاہیں گے۔ ویسٹ انڈیز کو کسی طور آسان نہیں سمجھنا چاہیے۔وہ ایک نوجوان ٹیم ہے۔ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کے آغاز کا اس سے زیادہ اچھا موقع کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ مستقبل میں بڑی توقعات وابستہ ہیں۔چاہتے ہیں کہ ٹیم جب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جائے تو ایک نیا کامبی نیشن سیٹ ہو چکا ہو۔پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے اور یہی چیز اس میچ کو یادگار بنانے اور بہتر کرنے کے لیے تحریک کا باعث بن جاتی ہے۔یہ ایک اچھا موقع ہے اور آپ دیکھیں گے یہ مستقبل میں اکثر ہوتا رہے گا۔گلابی گیند، سرخ اور سفید گیند سے مختلف ہے اور جب یہ پرانی ہوجائے تو بحیثیت بلے باز آپ کو خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ یہ مشکل ہوسکتا ہے۔