اظہر علی ڈے اینڈ نائیٹ ٹیسٹ میں سنچری بنانیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے

14 اکتوبر 2016
اظہر علی ڈے اینڈ نائیٹ ٹیسٹ میں سنچری بنانیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جا رہے تاریخی ٹیسٹ میچ میں اظہر علی اور سمیع اسلم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ۔اظہر اور سمیع نے پہلے سیشن میں 81 رنز کا اضافہ کیا جبکہ دوسرے سیشن میں بھی ویسٹ انڈین باؤلرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔اظہر علی نے سنچری سکور کی اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ویسٹ انڈیز کو بالآخر پہلی کامیابی اس وقت ملی جب سمیع اسلم روسٹن چیز کی گیند کو صحیح طریقے سے سوئپ نہ کر سکے اور گیند بلے کا اندرونی کنارہ لے کروکٹوں سے جا ٹکرائی۔سمیع اور اظہر نے 215 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔سمیع اسلم90 رنزبناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر279رنز بنا لئے تھے ۔ اظہر علی146جبکہ اسد شفیق 33رنز بناکر کھیل رہے تھے ۔ ویسٹ انڈیز نے 6بائولر ز کو استعمال کیا مگر صرف روسٹن چیز ہی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے ۔پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے تاریخ ساز 400ویں ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر دبئی کی بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے بیماری کا شکار یونس خان کی جگہ نوجوان بابر اعظم جبکہ افتخار احمد کی جگہ محمد نواز کو ڈیبیو کرایا ۔ پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔مصباح الحق(کپتان)، سمیع اسلم، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، محمد نواز، وہاب ریاض، یاسر شاہ، محمد عامر، سہیل خان۔