یاسر شاہ ٹیسٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کے قریب
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قومی سپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے قریب پہنچ گئے ، سٹار سپنر دبئی ٹیسٹ میں پانچ شکار کر کے تیز ترین سو ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بائولر بن سکتے ہیں۔ کالی آندھی کے خلاف دبئی ٹیسٹ یاسر شاہ کے لیے ریکارڈ ساز ثابت ہو سکتا ہے۔ دبئی ٹیسٹ قومی سپنر یاسر شاہ کے کیریئر کا سترہواں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ یاسر شاہ 16 ٹیسٹ میچوں میں 95 بلے بازوں کو اپنی گھومتی گیندوں کے جال میں پھنسا چکے ہیں۔ تیز ترین سو ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بھارتی بائولر روی چندر ایشوین کا ریکارڈ توڑنے کیلئے یاسر شاہ کو دبئی ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں درکار ہیں۔ ایشون نے اٹھارویں ٹیسٹ میں سو وکٹیں مکمل کی تھیں۔