70 برس حکمرانی کرنیوالے تھائی لینڈ کے بادشاہ 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

14 اکتوبر 2016

بنکاک (صبا ح نیوز) تھائی لینڈ میں شاہی محل نے اعلان کیا ہے ملک کے بادشاہ بھومی بول 88 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والے فرماں روا تھے جنہوں نے اپنے 70 سالہ دور اقتدار میں بہت سے سیاسی بحرانوں سے ملک کو نکلا۔ گزشتہ چند برسوں میں وہ اپنی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے عوامی تقریبات میں شرکت نہیں کرتے تھے۔ بادشاہ کا انتقال ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب تھائی لینڈ 2014ءمیں ہونے والی بغاوت کے بعد سے فوج کی حکمرانی میں ہے۔ شاہی محل نے اعلان کیا بادشاہ بھومی بول کے جانشین 63 سالہ ولی عہد شہزادہ وجیرالونگ کورن والد کی جگہ سنبھالیں گے تاہم ان کو عوام میں وہ پذیرائی حاصل نہیں ہے جو ان کے والد کو تھی۔ بادشاہ بھومی بول جو امریکہ کی ریاست میسی چوسٹس کے شہر کیمبرج میں پیدا ہوئے ان کی تاج پوشی 9 جون 1946 ءمیں ان کے بھائی اناند ماہیدول کے انتقال کے بعد ہوئی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بھومی بول کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا تھائی بادشاہ اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت تھے۔ اوباما نے تھائی لینڈ کے بادشاہ کے انتقال پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا وہ امریکہ کے قریبی دوست اور شراکت دار تھے۔ تھائی لینڈ کی حکومت نے بادشاہ کی وفات کے بعد تھائی لینڈ کے تمام ٹی وی چینلز کی نشریات بدل کر اسکی جگہ پہلے سے تیار سرکاری نشریات چلانے کا حکم دیدیا ہے۔ ان نشریات میں شاہی محل سے خصوصی پروگرام نشر کیا جا رہا ہے، یہ خصوصی نشریات 30 روز تک چلائی جائیں گی۔
تھائی بادشاہ انتقال