بابراعظم ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پراعتماد

14 اکتوبر 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے بلے باز با براعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سلیکٹرز کی جانب سے مجھے موقع دینے پر ان کا مشکور ہوں۔اب یہ میرا کا م ہے کہ میں ٹیم کے لیے اپنی 100 فی صد کارکردگی دکھاؤں۔ہماری ٹیسٹ ٹیم بہتربنیادوں پر استوار ہے اور ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور اس ٹیم میں کھیلنا باعث فخر ہوگا۔قومی ٹیم کے تجربہ بلے باز یونس خان ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں شامل نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ پر بابراعظم کو جگہ دی گئی ہے تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ انھیں کس نمبر پر بیٹنگ کا موقع دیا جائے گا۔بابراعظم کا کہنا ہے کہ میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبرپر بیٹنگ کرسکتا ہوں۔بابراعظم نے مزید کہا کہ پہلے انڈر 19 کی سطح پر آسٹریلیا میں کھیل چکا ہوں اس لیے میرے پاس ان حالات میں کھیلنے کا تجربہ اور واقفیت ہے۔جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش میرے انڈر 19 کے ساتھی ہیں اور میں ان کے خلاف پہلے بھی کھیل چکا ہوں یہ تجربہ مجھے ان کی ٹیم کو سمجھنے میں معاون ہوگا۔میں پراعتماد ہوں کہ میں آسٹریلیا کیخلاف بہترین کارکردگی دکھاؤں گا۔