توہین رسالت کیس:جسٹس اقبال حمیدنے آسیہ کی درخواست سننےسے معذرت کر لی

14 اکتوبر 2016

اسلام آباد (صباح نیوز + آئی این پی) سپریم کورٹ کے جسٹس اقبال حمید الرحمان نے توہین رسالت کیس میں سزائے موت کے خلاف آسیہ بی بی کی درخواست سننے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔ کوسپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ میں سماعت کے آغاز پر جسٹس اقبال حمیدالرحمان نے سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان تاثیر سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی اس لئے وہ آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔بنچ نے کیس واپس چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جسٹس اقبال حمید الرحمان سلمان تاثیر قتل کیس کی سماعت کر چکے ہیں۔ چیف جسٹس کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دیں گے۔آئندہ ایسے بنچ میں کیس مقرر کیا جائے گاجس میں جسٹس اقبال حمید الرحمان نہ ہوں۔ سماعت کے لیے نئی تاریخ کا تعین بھی بنچ کی تشکیل کے بعد ہوگا۔واضح رہے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی، جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمی میں درخواست دائر کی تھی۔ اے ایف پی کے مطابق کیس کی سماعت کے موقع پر اسلام باد میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔
توہین رسالت کیس/معذرت