رینجرز کارروائیاں‘ ٹارگٹ کلرز سمیت8 ملزم گرفتار‘ اسلحہ برآمد

14 اکتوبر 2016

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن۔ ٹارگٹ کلرز اور کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت آٹھ ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو لیاقت آباد میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے ایک اور لانڈھی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ اس سے قبل بدھ کو رینجرز نے لانڈھی بن قاسم ٹاﺅن اور کورنگی ٹاﺅن میں کارروائی کرکے چھ ملزمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان میں دو ٹارگٹ کلرز اور کالعدم تنظیم کے چار کارندے شامل تھے۔ ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے عاشورہ محرم تک سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنانا لائق ستائش اور قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کے نام شاباش کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اسی جوش و جذبے محنت اور جانفشانی سے محرم کے بقیہ دنوں میں بھی فول پروف سیکیورٹی اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے تاکہ عمدہ حکمت عملی اور لائحہ عمل سے مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ پولیس افسران اور جوانوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں متعلقہ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں بڑا کھانے کا اہتمام کیا جائے جس کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا۔
کراچی گرفتار