یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا کراچی سمیت ملک ملک بھر میں جلوس

14 اکتوبر 2016
یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا کراچی سمیت ملک ملک بھر میں جلوس

کراچی / لاہور /اسلام آباد/ پشاور/ کوئٹہ (نیوز رپورٹر) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقاءکی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کےلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشوردس محرم الحرام کومذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا ،ملک کے چھوٹے بڑے شہروں کے ہزاروں مقامات پر مجالس عزا ءا ور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔ شبیہ ذوالجناح اورتعزیے کے جلوس برآمد ہوئے جس میں شریک عزادار زنجیر زنی ، سینہ کوبی کے ساتھ نوحہ خوانی کرتے رہے ،یوم عاشو ر کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستے ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اوررینجرز کی جانب سے انتہائی سخت سکیورتی انتظامات کیے گئے۔ جلوس کی سکیورٹی کےلئے پولیس اور رینجرز کے 10 ہزار سے زائد جوان و افسران فرائض انجام دیئے، جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ تھیں۔کراچی میں جلوس کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینر لگا کر سیل کی گئیں ۔کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں موبائل سروس بند رہی ۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔ شہر بھر میں جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ صوبائی حکومت نے پنجاب کے 24 اضلاع اور 10 شہروں کو حساس قرار دیا جس کے باعث پولیس کی بھاری نفری جلوسوں کی سکیورٹی پر مامور تھی۔ کراچی اور لاہور کی طرح کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوئے۔
یوم عاشور