ترک وزیراعظم سے خصوصی پاکستانی وفدکی ملاقات‘ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

14 اکتوبر 2016

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیراعظم کے کشمیرکے بارے میں خصوصی نمائندوں پر مشتمل گروپ نے گزشتہ روز ترکی کے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر کی تازہ ترین صورت حال‘ بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔ وزیراعظم کے خصوصی نمائندوںکا وفد قومی اسمبلی کے ارکان پرویز ملک‘ محسن شاہ اور نواز رانجھا پرمشتمل ہے۔وزیراعظم کے نمائندوں نے ترکی کے وزیراعظم کوبتایاکہ برہان مظفروانی کی ماورائے عدالت شہادت کے باعث کشمیری عوام کی جدوجہد میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے کشمیری نوجوان اب بھارت کے کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ لاکھوں کشمیری روزانہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی جلوس نکال رہے ہیں۔ بین الاقوامی برادری اورسیکیورٹی کونسل کا یہ فرض ہے کہ وہ کشمیرکے مسئلہ کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور تمام کشمیریوںکو جن کو آزادی کے حق میں تحریک چلانے پر گرفتار کیا گیا ان کو رہا کیا جائے۔
ترک وزیراعظم/ وفد