پرچوں کی غلط چیکنگ ‘ انٹر میڈیٹ طلبہ کا دھرنا‘ وزیراعلیٰ کا نوٹس‘ تحقیقات کا حکم
لاہور (سٹاف رپورٹر) انٹر میڈیٹ امتحان میں مبینہ طور پر پرچوں کی غلط مارکنگ پر سینکڑوں طلباء نے پریس کلب اور پنجاب اسمبلی کے باہر بورڈ انتظامیہ کیخلاف کیا۔ طلباء نے سیکرٹری لاہور بورڈ کی نوٹیفکیشن کے بغیر پیپر ری چیکنگ کی پیش کش مسترد کر دی جبکہ وزیراعلیٰ نے طلباء کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد بورڈ نمائندوں نے سات روز میں پیپرز کی ری چیکنگ کیلئے کمیٹی بنانے کا وعدہ کیا جس پر دھرنا ختم کر دیا گیا۔ طلباء کی بڑی تعداد رات گئے تک پنجاب اسمبلی کے باہر موجود رہی احتجاج کے دوران طلباء نے سڑکیں بند کر دیں جس سے ٹریفک جام ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا معلوم ہوا ہے کہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2016میں مبینہ طور پر دوران چیکنگ کم مارکینگ پر طلباء اور ان کے والدین شدید پریشان ہیں گذشتہ روز سینکڑوں طلباء نے پریس کلب کے باہر احتجا ج کیا اور بورڈ انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی جس کے بعد تمام طلباء پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہو گئے ۔