یوم عاشور پربھی لوڈشیڈنگ

14 اکتوبر 2016

لوڈشیڈنگ، حکومت کی طرف سے 9 اور 10محرم کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود لوڈشیڈنگ برقرار۔ چھوٹے شہروں میں جلوس والے روٹس اور مجالس بھی متاثرہوئیں۔ حکومت کی طرف سے 9 اور 10محرم الحرام کو ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوئوں کے باوجود لوڈشیڈنگ برقرار رکھنا حکومتی دعوئوں کے برعکس ہے۔ اب حکومت خود اس امر کا سراغ لگائے کہ کہیں یہ عوام کو اس سے بدظن کرنے کی سازش تو نہیں۔ موسم گرما کے بعد بھی شہری علاقوں میں 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنا کہاں کی دانشمندی ہے اگر شہروں میں یہ حالت ہے تو دیہات میںیہ دورانیہ 12 سے 14گھنٹے تک جا پہنچتا ہے ۔ یہ جس کی بھی نااہلی ہے اس کا سراغ لگایا جائے۔ اگر بجلی کی ترسیل کے سسٹم میں خرابی یا حکومتی مینجمنٹ میں کوئی سقم ہے تو اسے دور کرکے حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال بہتر بنائے۔ حکمرانوں نے 2018ء تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا جو دعویٰ کیا تھا موجودہ صورتحال میں وہ بھی پورا ہوتا نظر نہیں آرہا۔ چنانچہ آئندہ انتخابات میں بہرصورت عوام کو جوابدہ ہونا پڑیگا۔