امریکی جج کے بیان پریقین نہیں عافیہ نے اپیل واپس لینے کی بات نہیں کی‘ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
کراچی(لیڈی رپورٹر) امریکہ میں قید عافیہ صدیقی کی اپیل امریکی عدالت میں خارج قراردینے پر عافیہ کے خاندان نے شدید غم و افسوس کاا ظہارکیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی ترک کرے۔تفصیلات کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج رچرڈ برمن نے گزشتہ روز یہ فیصلہ دیا کہ عافیہ کی ایماء پر عدالت اسکی اپیل خارج کرتی ہے‘ یہ فیصلہ عافیہ کے مفاد میں ہے اورآئندہ اس کیس کے کوئی اپیل داخل نہیں کی جائے گی۔ عافیہ موومنٹ کی روح رواں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے نوائے وقت سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خاندان امریکی جج کے بیان پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ عافیہ اپیل کے حق میں تھی اور اس نے کبھی اسے واپس لینے کی بات نہیں کی نیز کچھ عرصے پہلے ٹیلی فونک گفتگو میں عافیہ نے ڈاکٹر فوزیہ کیس کے متعلق تمام فیصلے کرنے کا اختیار بھی دیا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا وہ اس فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اپیل کی سماعت کیلئے متعصب جج رچرڈبرمن ہی کومقرر کرنے اور اس کی جانب سے پراسرار حالات میں اپیل کیس بند کرنا یہ ظاہر کررہا ہے کہ امریکی عدالتی نظام میں بے شمار تضاد ات ہیں رچرڈ برمن خود ہی وکیل خود ہی جج اور خود ہی مدعی بن چکا ہے ۔عافیہ جیسی بہادر لڑکی کسی طور بھی اپنا کیس واپس نہیں لے سکتی کیونکہ اسے بھی معلوم ہے کہ یہ اس کے لئے اپیل کا آخری موقع تھا۔ عافیہ کا گزشتہ کئی ماہ سے گھر والوں سے ٹیلیفونک رابطہ بھی منقطع ہے اسے نہایت سخت حالات میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ عافیہ کی اپیل واپس لینے کے فیصلے میں ساز باز اور دبائو کے ہتھکنڈے اختیار کئے گئے ہیں ویسے بھی رچرڈ برمن نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ خواہ اپیل واپس نہ لی جاتی اور سماعت جاری رہتی تو بھی عافیہ کے خلاف ہی فیصلہ دیتا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے بتایا کہ میرے پاس عافیہ سے ہونے والی آخری گفتگو کی ریکارڈنگ موجود ہے ۔جس میں اُس کی جانب سے اپنے مقدمہ کی اپیل کے لئے پوری طرح رضامندی ظاہر ہوتی ہے اور اُس نے واضح طور پر کہا تھا کہ میری بہن ڈاکٹر فوزیہ میری رہائی کے سلسلے میں جو قدم بھی اٹھائیں گی میں اُس کی سو فیصد حمایت کروں گی ۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قانونی مشاورت کیلئے فوری طور پر اجلاس طلب کرلیا ہے۔ انہوںنے کہا وزیر اعظم نواز شریف فوری طورپر امریکہ سے عافیہ کی حوالگی کامطالبہ کریں۔