کانفرنس پنجاب حکومت کی ہفتہ رحمت للعالمین ﷺ تقریبات کے سلسلے میں منعقد ہوئی کانفرنس سے مولانا ڈاکٹر راغب نعیمی نے خصوصی خطاب کیا۔اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والے ہفتہ رحمت للعالمین ﷺ تقریبات کے سلسلے میں ایک سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں معروف عالم دین اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مولانا ڈاکٹر راغب نعیمی نےخصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کا آغاز اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت پر ڈاکٹر راغب نعیمی کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس میں موجود اساتذہ اور طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ سچ، ایمانداری، ایفائے عہد، محنت اور علم جیسی نبوی صفات پہ عمل پیرا ہو کر اپنی کردار سازی کریں اور ملک و قوم کے لیے سرمایہ بنیں۔
ڈاکٹر راغب نعیمی نے سیرت نبوی ﷺ کے مختلف پہلووں پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ساری حیات مبارکہ عدل اور انصاف پہ مبنی معاشرے کے قیام کے لیے کوشش کرتے گزری۔ انہوں نے ایک ایسا معاشرہ قائم کیا جس میں رنگ و نسل کی کوئی تفریق نہ تھی اور ہر فرد کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حضور اکرمﷺ نے ہمیں ظلم اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ جانے کی تعلیم دی۔ ہمیں ان تعلیمات پہ عمل پیرا ہو کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جس میں اجتماعیت، ہمدری، برداشت اور عدل جیسی صفات موجود ہوں۔ شعبہ علوم اسلامیہ کے انچارج ڈاکٹر عبدالغفار نے طلباء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سیرت نبوی ﷺ کی صفات اپنا کر پوری لگن سے علم حاصل کرنا چاہیے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کے فرائض سر انجام دے سکیں۔ شعبہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر مقصود احمد نے بھی سیرت کے موضوع پہ کانفرنس سے خطاب کیا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024