رسول کریمؐ قرآنی احکامات کا عملی نمونہ تھے:خورشید احمد
لاہور (پ ر) رسول کریمؐ اعلیٰ کردار کی بناء پر قرآن مجید کا عملی نمونہ تھے، انہوں نے اللہ تعالیٰ پر توکل، جہالت اور ظلم کو دور کرنے اور عمل صالح و حق کیلئے کامیاب جدوجہد کرکے مثالی کردار ادا کیا۔ پاکستان کے حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کو حضور کریمؐ کے نقش قدم پر چل کر پاکستان سے غربت، ناانصافی اور بیروزگاری کو دور کرتے ہوئے نبی کریمؐ کی عظمت کی قدروں کو بلند کرنا چاہئے۔ غریبوں اور محنت کشوں سے محبت کی بناء پر انہوں نے محنت کرنے والوں کو اللہ کا حبیب کا درجہ فرمایا۔ عیش و آرام کی قدروں کو ترک کرکے مثالی سادگی کو پروان چڑھایا، ہمارا عزم ہے کہ محنت کش طبقہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں اسلامی و فلاحی مملکت کے قیام کی جدوجہد کو کامیاب کرکے دم لے گا۔ ان خیالات کا اظہار عید میلادالنبیؐ کی محفل میں بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے نے ہدیہ تبرک پیش کرتے ہوئے کیا۔