وزیراعظم کو نوازشریف کے باہر جانے پر طوفان قابو کر نا ہو گا: شجاعت
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے باہر جانے کے معاملہ پر جو طوفان شروع ہوا ہے اسے وزیراعظم عمران خان کو قابو کرنا پڑے گا۔ انہوں نے نوازشریف کے باہر جانے کے بارے میں مختلف اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے اپنے اچھے فیصلوں میں ایسے لوگوں کی مت سنیں جو نوازشریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دینے کے ایک اچھے فیصلے میں مینگنیاں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم اپنے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا نہ لگنے دیں جسے دھونا مشکل ہو جائے گا۔ ایک اور سوال پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صاحب اقتدار لوگوں کو چاہئے کہ وہ مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کی طرف توجہ دیں جس کی وجہ سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین نے نائب صدر جنوبی ایشیا ٹینس فیڈریشن سید دلاور عباس کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی نماز جنازہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار، سابق قائم مقام صدر وسیم سجاد، رانا خالد اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ مرحوم سے ہماری دیرینہ رفاقت تھی اور ان کی کمی پوری نہیں ہو سکے گی۔