4 ماہ میں ترسیلات زر میں 2 فیصد تک کمی آئی: سٹیٹ بینک
کراچی(آن لائن )اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں کم از کم 2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ایک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران ترسیلات زر کی مد میں 7 ارب 47 کروڑ 80 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ سال میں اسی عرصے کے 7 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1.8 فیصد کم تھی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم سب سے زیادہ رہا ہے لیکن رواں مالی سال کے 4 ماہ میں یہ 1.1 فیصد کم ہو کر ایک ارب 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 19-2018 کے اسی عرصے میں یہ ایک ارب 75 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔علاوہ ازیں رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا سے ترسیلات زر میں 3.8 فیصد اضافہ اور یہ ایک ارب 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی،اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2019 کے 4 ماہ میں ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 34.8 اضافہ دیکھا گیا۔