سکھ یاتریوں کا پہلا جتھہ واپس چلا گیا، بہترین انتظامات پر اظہار تشکر
لاہور+ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) بابا گورو نانک دیو جی کے550ویں جنم دن کے موقع بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا پہلا جتھہ واہگہ بارڈر کے راستے پیدل بھارت روانہ ہو گیا۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے چیئرمین بورڈ کی طرف سے یاتریوں کو خصوصی تحائف اور گلدستے پیش کر کے الوداع کیا۔ اس موقع پر پردھان سردار ستونت سنگھ، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، پی آر او عامر حسین ہاشمی، سردار امیر سنگھ و دیگر موجود تھے۔ شرومنی گورو دوارہ پربندھک کمیٹی دہلی کے پارٹی لیڈر سردار گرومیت سنگھ نے حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے اعلی انتظامات اور عزت افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میزبانی میں پاکستان اور مسلمان اپنی مثال آپ ہیں۔ ہم اپنے گورو کی اس دھرتی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں۔ دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار سروجیت سنگھ ورک نے کہا کہ بابا گورو نانک نے جس سکھ، مسلم دوستی کی بنیاد رکھی تھی، وزیر اعظم عمران خان نے اسے مضبوط اور مستحکم بنا دیا ہے اور دنیا کی تاریخ عمران خان کے اقلیتوں کیلئے کیے گئے اقدامات کو کبھی نہ بھلا پائے گی۔ ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار جتندر سنگھ نے کہا کہ ہمیں ہماری سوچ سے بڑھ کر عزت و سہولیات دی گئیں۔ سکھ یاتری اپنی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور دوبارہ آنے کی امید لئے پاکستان زندہ باد، عمران خان زندہ باد کے نعرے لگاتے واپس لوٹ گئے۔ قبل ازیں ننکانہ سے ایڈمنسٹریٹر وہاب گل، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عبدالرحمن شاہین، کیئرٹیکر عتیق گیلانی اور مقامی افسران نے سخت سکیورٹی میں یاتریوں کو نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔