شہباز اور حمزہ کے مبینہ فرنٹ مین قاسم کا ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور (وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے مبینہ فرنٹ مین قاسم قیوم نے ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ قاسم قیوم نے درخواست ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ نیب لاہور نے 4 اپریل 2019 کو شریف فیملی کیلئے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ نیب کی حراست میں 66 روز تک جسمانی ریمانڈ میں رہا۔ احتساب عدالت نے 11 جولائی 2019 کو جوڈیشل کرنے کے احکامات دئیے۔ 66 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے کوئی شواہد پیش نہیں کر سکی۔ درخواست گزار کے پاس ایک 5 مرلے کا گھر، 1 پرانی گاڑی اور 1 موٹر سائیکل ہے۔ میرے بینک اکائونٹس کی مکمل تفصیلات بھی نیب کے پاس موجود ہیں، نیب کے پاس منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا کوئی ویڈیو، آڈیو یا دستاویزی ثبوت نہیں ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے۔