مسلم لیگ نوازشریف کی صحت کیلئے سکیورٹی بانڈز سے انکار نہ کرے : شیخ رشید
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صحت بڑی دولت ہے اگرمسلم لیگ (ن) کی قیادت نواز شریف کا حقیقی طور پر علاج کروانا چاہتی ہے تو انہیں گارنٹی بانڈز فراہم کرنے سے انکار ی نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس تاخیری حربے سے ان کی حالت مزید خراب ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو محفوظ راستہ کے لئے دوبارہ عدالتوں سے رجوع کرنا پڑے گا لیکن اس تاخیر سے بیمار سابق وزیر اعظم کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو قومی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ بدھ کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنی ضمانت کے لیے مناسب قانونی طریقہ اختیار کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن)کے گارنٹی بانڈ جمع نہ کروانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو صحت اور انسانی بنیادوں پر ضمانت دی گئی ہے۔