لاپتہ شہریوں کو بازیاب کروا کر ایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ فراہم کی جائے: سندھ ہائیکورٹ
کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں 40 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں 40 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد موسیٰ کو لاپتہ ہوئے 5 سال اور مہر بادشاہ کو 4 سال گزر گئے پر دونوں کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔ عدالت میں پولیس کی جانب سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور بتایا گیا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کارروائی جاری ہے۔ شہریوں کی بازیابی کیلئے دیگر صوبوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت‘ آئی جی سندھ اور دیگر کو شہریوں کی بازیابی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لاپتہ شہریوں کو بازیاب کرا کر ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔