وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعطم عمران خان کے وژن کے تحت ریلوے کی بحالی ،خسارے پر قابو پانے اور آمدنی میں اضافے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب تک چار مزید ٹرینیں جس میں سندھ میر پور خاص ملتان اور رحمان بابا کا اضافہ کیاگیا ہے جس کا افتتاح 25دسمبر کو ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن کوئٹہ کے دورہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی میڈیا سے بات چیت کی ۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی میں اب تک ایک ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے میں دس ہزار آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں جس پر میرٹ پر لوگوں کو نوکریاں دی جائیں گی ۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ گوادرمیں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کی گئی جس کاسنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان رکھیں گے جبکہ گوادر میں مزید270ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن کی اراضی کی فراہمی پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بولان میل میں مزید کوچز کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ اکبر بگٹی ایکسپریس کے کرایہ میں کمی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق بلوچستان میں ریلوے کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ریلوے کی بہتری اور انہیں ایک فائدہ مند ادارہ بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ریلوے کے بارے جو معاہدے کئے گئے ہیں اس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا اور ریلوے میں میرٹ پر دس ہزار لوگوں کو نوکریوں کی فراہمی ایک احسن اقدام ہے ۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ شیخ رشید احمد کی کوششوں سے ریلوے 100دن کے اندر اپنا ہدف وقت سے پہلے حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان آبی وسائل کی تقسیم کے لئے بات چیت جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خصوصی طور پر کوئٹہ شہر میں پانی کی کمی پر قابو پانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور اس میں حکومت بلوچستان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ صوبے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔ بعد میں وفاقی وزیر ریلوے ، گورنر سندھ اور فیصل واوڈا نے ریلوے اسٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈی ایس ریلوے واصف علی اور دوسرے حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024