موہڑہ چھپڑ سٹاپ میں شہری مشکلات
مکرمی ! یونین کونسل 88 ( سابق یونین کونسل 86 ) میں آنے والے علاقے موہڑہ چھپر سٹاپ کی گلیوں کی حالت بدتر ہے خصوصاً مقامی کریانہ سٹور کے نام سے جانی جانے والی گلی کی حالت تو اتنی خراب ہے کہ اس سے گزر کر گھر تک پہنچنا ایک مشکل کام بن چکا ہے۔ گلی میں ہمہ وقت پانی کھڑا رہتا ہے اور یہ گلی ایک چھپڑ کا منظر پیش کرتی ہے۔ اس میں سے گاڑیاں گزر نہیں سکتیں کیونکہ ان میںپانی داخل ہو جاتا ہے اور موٹر سائیکل گزرتے وقت خراب ہو جاتی ہیں۔ گلی میں جانے کا کوئی متبادل راستہ بھی نہیں جس کی وجہ سے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اکثر افراد اس گلی میں گر پڑتے ہیں اور زخمی ہو جاتے ہیں۔ چیئرمین یونین کونسل اور مجاز اداروں سے اپیل ہے کہ خدارا اس صورتحال کا نوٹس لے کر بہتری کے اقدام کریں تا کہ شہریوں کو درپیش شدید مشکلات میں کمی آ سکے۔ (حمیرا اختر، راولپنڈی 03125446993)