پولیس کوکرائم پر توجہ دینی ہو گی، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں ، عامر ذوالفقار
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال اسلام آباد میں کرائم ریٹ دوگنا ہوگیا ہے سوال یہ ہے کہ وفاقی پولیس کیا کرتی رہی؟اب پولیس کو کرائم پر توجہ دینی ہو گی کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کو محکمہ سے نکال دیا جائے گااپنی زیر صدارت پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل علی راجہ،ایس ایس پی آپریشنز وقار الدین سید،اے آئی جی سپیشل برانچ مجاہد اکبر،اے آئی جی آپریشنز عبدالقادر قمر کے علاوہ تمام زونل ایس پیز،ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ڈی پی او ،ایس ایچ اوز اور محرران نے شرکت کی ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ رواں سال اسلام آباد میں کرائم ریٹ گزشتہ سالوں کی نسبت دگنا ہوگیا ہے ،اسلام آباد پولیس کیا کرتی رہی تھی؟انہوں نے کہا کہ اب پولیس کو کرائم پر توجہ دینا ہو گی، ہم سب نے مل کر وفاقی پولیس کو دوسرے صوبوں کے لئے رول ماڈل بنانا ہے ،اسلام آباد پولیس میں ایک اینٹی کرپشن یونٹ بھی قائم کر دیا گیا ہے ،فورس میں کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث عناصر کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں،انہوں نے کہا کہ تمام انسپکٹرز کا دسمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیسٹ ہو گا اس کے ساتھ محررز کے لئے بھی ٹیسٹ لیا جائے گا۔