دینہ‘ ٹریفک حادثہ‘ 4 گاڑیاں الٹنے سے 16 افرا د زخمی
دینہ (نامہ نگار) دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ، بارش کی پھسلن کے باعث 4گاڑیاں ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے جی ٹی روڈ پر اُلٹ گئیں ،سکول کے طلبہ و طالبات سمیت 16افراد شدید زخمی ،حادثے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی،اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122،موٹر وے پولیس ،پٹرولنگ پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،زخمیوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچا یا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بارش کے باعث پھسلن سے چک اکا موڑ کے مقام پر جہلم سے راولپنڈی آنے والی تیز رفتار کار ڈرائیور محمد رضوان ولد حق نواز سے بے قابو ہو کر جی ٹی روڈ پر اُلٹ گئی اس کے پیچھے آنا والاسامان سے بھرا ٹرک نمبری P-7364 جو کہ لاہور سے پشاور جا رہا تھا کار کو بچاتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو گیا اور روڈ پر ہی اُلٹ گیا اتنے میں اس کے پیچھے آوالی فلائنگ کوچ نمبری LZR-9066جس کو قمر عباس ولد محمد شریف سکنہ گنجا ہ ضلع گجرات چلا رہا تھا کوچ بچوں کو گجرات سے مری سیر و تفریخ کے لئے لے جا رہی تھی کہ اُلٹنے والے ٹرک کو بچاتے ہوئے اپنا توازن بر قرار نہ رکھ سکی اور جی ٹی روڈ پر اُلٹ گئی کوچ کے پیچھے ہی جہلم سے دینہ آنے والی ویگن بھی پھسلن کے باعث جی ٹی روڈ پر اُلٹ گئی ، چاروں گاڑیوں کے اُلٹنے سے کوچ میں سوار طلبا و طالبات سدرہ ولد سلیم ،سویرا ولد غلام غوث ،نصرت ولد عبدالرسول ،عشرت ولد بشیر احمد ،قمر عباس ولد محمد شریف ،ناہید اختر ولد محمد اختر ،وجاہت ولد عبدالرسول،محمد حسین ولد عبدالرسول ،عائشہ ،شاہ ویز ،آمنہ ساکنائے ضلع گجرات جبکہ دیگر گاڑیوں میں سوار نازیہ طاہر ولد محمد طاہر ،اللہ دتہ ولد دل محمد ،جمشید بی بی زوجہ محمد الیاس ساکنائے جہلم و دیگر شدید زخمی ہو گئے ،حادثے کے بعد ہر طرف چیخ وپکار مچ گئی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122،موٹر وے پولیس ،پٹرولنگ پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،زخمیوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچایاگیا۔