ایل او سی پر ہم بہت کچھ کرتے ہیں لیکن بتانے نہیں‘ بھارتی آر می چیف
پٹھانکوٹ (اے این این) بھارت کے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر بہت کچھ کر رہا ہے اور جو کچھ ہم کرتے ہیں وہ بتاتے نہیں ۔گزشتہ روز مامون ملٹری اسٹیشن پٹھانکوٹ پنجاب میں مغربی کمان کی قیادت میں گرج ڈویژن کے زیراہتمام معذور فوجیوں کیلئے منعقد ہ ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل راوت کا کہنا تھا جموں، کشمیر اور لداخ تینوں ایک ہیں اور یہ خطہ ملک کیلئے انتہائی اہم ہے ، کشمیری ہمارے اپنے لوگ ہیں ،ہم ان علاقوں میں تشدد کو بڑھاوادینے کی اجازت نہیں دیں گے اس لئے ہمارا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بناناہے کہ مزید نوجوان ملی ٹینسی میں شمولیت نہ کریں ۔فوجی سربراہ نے کہاہم نوجوانوں کو یہ بتارہے ہیں کہ ملی ٹینسی میں شمولیت کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ آپ زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتے اور ہماری کوشش ہے کہ پہلے ہی ملی ٹینسی میں شمولیت کرنے والوں کے خاندان انہیں واپس آنے کیلئے اپیل کریں ،ہم انہیں خودسپردگی کا ایک موقعہ دے رہے ہیں تاکہ وہ بندوقیں چھوڑ دیں لیکن اگر انہوں نے تشدد کا سلسلہ جاری رکھا توپھر ان کا خاتمہ ہی ہوگا۔نوجوان واپس آئیں اور زندگی پائیں ۔جنرل راوت نے کہاکہ کشمیر میں سرگرم بیشترجنگجو مقامی ہیں جو تربیت یافتہ نہیں ،ان کی شمولیت انتہا پسندی کے ذریعہ ہوئی ہے اور چند دنوں یا مہینوں میں انہیں ختم کردیاجائے گا۔ ان کاکہنا تھا ہماری کارروائیاں جیسے کو تیسا ہی نہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ موثر ہوتی ہیں، ہم کیاکررہے ہیں ہم اس بارے میں نہیں بتاتے اور سرحد پر ہماری طرف سے بہت کچھ ہورہاہے ۔فوجی سربراہ نے کہاوہ (پاکستان)کیا کررہے ہیں وہ کچھ ہونے کا رد عمل ہے ، وہ پہل نہیں کرسکتے کیونکہ انہیں یہ معلوم ہے کہ ہم مضبوط ہیں اور سخت رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں۔