بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کو حساب د ینا پڑے گا‘ فیاض الحسن چوہا ن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جعلی اکاونٹس کھولنے اور اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرکے ملکی معیشت کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے مافیا کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ قانون کی پکڑ میں آنے والوں کو اپنایوم حساب صاف نظر آ رہا ہے۔ پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر بیرون ممالک جائیدادیں بنانے والوں کو اپنے کیئے کا جواب دینا ہوگا۔ انہوںنے یہ بات منگل کواپنے ایک بیان میں کہی ۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ پارسائی اور جمہوریت کے چیمپئن ہونے کے دعویدار کرپٹ سیاسی مافیا کے گرد شکنجہ حکومت کی طرف سے نہیں بلکہ ان کے اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے متعلقہ تحقیقاتی اداروں کی طرف سے کسا جا رہا ہے اوروہ دن دور نہیں جب عوام کے سامنے ایکسپوز ہونے والوں کی لوٹی ہوئی قومی دولت وطن واپس آئے گی۔فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے اور اداروں کو فعال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور ایسی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جن سے عوامی مسائل بلا روکاوٹ حل ہوںاوربلا امتیاز شہریوں کی حکومت تک رسائی ممکن ہو سکے۔