گزشتہ روزسپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی ایک فہرست کے مطابق نیب نے اب تک 65 سیاسی رہنمائوں اور سرکاری افسروں کے خلاف تحقیقات کی ہیں ان میں سے 19 کا تعلق سندھ سے 19 کا خیبر پختونخوا سے 18 کا پنجاب سے اور 9 کا بلوچستان سے ہے۔ ان میں سے پیپلز پارٹی کے 16 مسلم لیگ ن کے 10 مسلم لیگ ق کے 5 ایم کیو ایم کے 4 تحریک انصاف مسلم لیگ فنکشنل، جے یو آئی، اے این پی، بی این بی کا ایک ایک عہدیدار اور ایک آزاد رکن اسمبلی ہے ان میں سے بعض پر غیر قانونی بھرتیوں، بعض پر آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے، فنڈز کی خورد برد، کرپشن، پلاٹوں کی ناجائز الاٹمنٹ، اختیارات سے تجاوز یا آف شور کمپنیوں کی ملکیت کے الزامات ہیں۔ پارلیمنٹ اور سینٹ میں تقریباً ہر روز نیب کے قوانین اور ان کے تحت کارروائی پر تنقید کی جا رہی ہے۔ یہ جو شور بپا ہے یہ حقیقت میں اور کچھ نہیں یہ اُن لوگوں کی چیخیں ہیں جنہوں نے غریبوں کا مال کھایا ہے۔اس کی ایک مثال یوں لیجیے کہ یونان کے ایک مصور نے ایک تصویر بنائی، جس میں ایک آدمی کو انگور کا خوشہ پکڑے دکھایا گیا تھا۔ اس نے تصویر کو بازار میں لٹکا دیا۔ جو بھی تصویر کو دیکھتا، اس کی تعریف کرتا۔ مصور کے کچھ دوست کہنے لگے ’’تم نے انگوروں کا خوشہ اس قدر بہترین بنایا ہے کہ چڑیاں آتی ہیں اور اسے اصل سمجھ کر چونچ مارتی ہیں۔‘‘ مصور نے اپنی تعریف پر واہ واہ کرنے کی بجائے تصویر میں اپنی غلطی کو ڈھونڈا اور کہنے لگا ’’اس کا مطلب ہے۔ میری تصویر میں کچھ خامی رہ گئی ہے۔ آدمی کو بنانے میں مجھ سے غلطی ہو گئی، ورنہ چڑیاں اگر آدمی کو بھی اصل سمجھتیں تو اس کے ڈر سے انگوروں پر چونچ مارنے کی جرات نہ کرتیں۔‘‘ مصور نے وہ تصویر اتاری اور پہلی سے بھی بہتر دوسری تصویر بنائی۔ اس تصویر میں بھی ایک آدمی انگور کا خوشہ لیے کھڑا تھا۔ انگور کا خوشہ دوبارہ اس قدر شان دار بنایا گیا تھا کہ چڑیاں اس کو دیکھ کر اس کے پاس آتیں، مگر اب انھیں چونچ مارنے کی ہمت نہ ہوتی، جو آدمی انگور کا خوشہ لیے ہوئے تھا۔اس کی آنکھوں میں اس قدر غصہ بھرا تھا کہ چڑیاں اسے دیکھتے ہی ڈر کر اڑ جاتیں! اب مصور بہت خوش تھا، کیونکہ اس نے پہلی تصویر میں خود ہی اپنی خامی کی نشاندہی کی اور اس کی اصلاح کر کے پہلے سے شاندار تصویر بنائی تھی اور یہ کامیابی اسے خود احتسابی کے نتیجے میں میسر آئی تھی۔اگر زندگی کی روانی کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا جائے تو یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ انسان کی ہر ناکامی میں کہیں نہ کہیں اپنی کوتاہی پوشیدہ ہوتی ہے، جسے خود احتسابی کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔ یہی مثال ہمارے اداروں پر بھی پوری اُترتی ہے کہ ناکام ہوتے ادارے اپنے اندر خامیاں تلاش کریں اور اُنہیں خود احتسابی کے ذریعے دور کریں تاکہ وہ صحیح سمت میں آگے بڑھ سکیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔ اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص کو چاہیے وہ دیکھ لے کہ وہ کل کے لیے کیا آگے بھیج رہا ہے اللہ سے ڈرو اللہ اس سے مکمل باخبر ہے جو کچھ تم کرتے ہو’’ (الحشر 59 : 18)
’’خود احتسابی ‘‘ کا یہ فلسفہ میرے ذہن میں اس لیے آیا کہ آج کل قومی اسمبلی میں کرپشن کے حوالے سے اجلاس ہو رہے ہیں، خوب گرما گرمی ہورہی ہے، اپوزیشن اور حکومتی اراکین بڑی محنت کے ساتھ یہاں آتے ہیں اور اپنی تقریریں پیش کر رہے ہیں۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ کوئی بھی شخص خود احتسابی کے عمل پر پورا اترنے کے لیے تیار نہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے یہ پیشکش کی تھی کہ اُن پر الزامات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی جائے ، اور اگر اُن پر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں سیاست سے نکال باہر کیا جائے۔ اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ اس پر عمل پیرا ہوتی ہے یا نہیں لیکن پارلیمنٹ کی سیاسی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پارلیمنٹ جیسے ادارے نے اپنا احتساب کرنے کی ذرا سی کوشش بھی کی ہو۔ ہاں ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کسی گرفتار رکن اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے ہوں۔ بلکہ پہلے بھی کئی دفعہ یہ پروڈکشن آرڈرز جاری ہوئے۔ متعدد اراکین اسمبلی بندوقوں کے سائے میں یہاں لائے گئے۔ جس حکومت کے دور میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کیا ہے اس حکومت کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد صاحب کو پیپلز پارٹی کے دوسرے دور حکومت میں ناجائز اسلحے کے ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ شیخ رشید احمد منتخب رکن قومی اسمبلی تھے اور اپوزیشن نے اُنہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں لانے کا مطالبہ کیا۔
خیر تاریخ کے اوراق پلٹنے کا مقصد یہ ہے کہ پارلیمنٹ نے آج تک خود احتسابی نہیں کی۔ اور اس حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے بمشکل 80روز ہوئے ہیں۔ بادی النظر میں وزیر اعظم عمران خان اس نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے خاصے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں، وہ عوام کو ڈسپلن میں لانے کی کوشش کرتے ہیں، عوام اُنہیںآنکھیں دکھاتے ہیں۔ وہ بیوروکریسی کو ٹھیک کرنے کی بات کرتے ہیں بیوروکریسی اعداد و شمار میں پھنسا دیتی ہے۔ وہ ملکی قرضہ دیکھتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ ملک کا قرضہ 10سالوں میں 6000سے 30ہزار ارب روپے تک کیسے پہنچا۔ وہ اس سلسلے میں سیاستدانوں سے پوچھتے ہیں سیاستدان انہیں ’’ایوان‘‘ میں رولنے پر تل جاتے ہیں۔ یہ کس قدر حیران کُن بات ہے کہ ہمارے ہاں یہ روایت نہیں ہے کہ ہم جرم کو قبول کریں، ہمارے ہاں چھوٹے سے چھوٹا اور بڑے سے بڑا مجرم بھی اپنے آپ کو ولی اللہ سمجھتا ہے۔ وہ بے شک منشاء بم ہی کیوں نہ ہو۔ ہر کوئی مظلوم بننے کی کوشش کرتا ہے۔ آپ ملک کے ہر سیاستدان سے بات کر کے دیکھ لیں، ذاتی طور پر ہی کر کے دیکھ لیں۔ ایک سے بڑھ کر ایک دکھیارہ ملے گا اور کہے گا کہ اُس نے آج تک چوری نہیں کی۔ اگر کسی نے چوری نہیں کی تو آخر چور کون ہے۔ پاکستان کو اس نہج پر لانے والا کون ہے؟بھارتی شاعر راحت اندوری کے مطابق
چور اُچکوں کی کرو قدر کہ معلوم نہیں
کون کب کون سی سرکار میں آ جائے گا
حقیقت میں جوادارے اور لوگ کبھی اپنا احتساب نہیں کرتے اور ہمیشہ ہر معاملے میں دوسروں کو ہی قصور وار ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کو کامیابی مشکل ہی ملتی ہے۔ خود احتسابی دنیا کے مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے، کیونکہ انسان اپنی فطرت کے مطابق خود کو خامیوں سے پاک سمجھتے ہوئے تمام غلطیوں کا ذمے دار دوسروں کو ٹھہراتا ہے۔ خود کو جانچنا، اپنی غلطیوں، خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کر کے ان کی اصلاح کرنا اور اپنے ہر عمل کا خود حساب رکھنا اگر ’’خود احتسابی‘‘ کہلاتا ہے۔تو اس میں برائی کیا ہے۔ اگر سیاستدان یہ کہتے ہیں کہ وہ چور نہیں ، اور اُن کے لیے اگر کوئی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تواگر اب پارلیمنٹرین یہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں انصاف ہونا چاہیے ، احتساب میرٹ پر ہونا چاہیے۔تو انہیںاس اقدام کو بھی آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ میں اس حوالے سے یہ ہر گز نہیں کہتا کہ شہباز شریف پر ہاتھ نرم رکھا جائے ، اگر انہوں نے غلطی کی ہے تو انہیں حقیقت میں سزا ملنی چاہیے ۔ لیکن خدارا اس غلطی کو ثابت بھی کیا جائے۔ خواہ اس کے لیے نیب ہی متحرک ہو۔ یا پارلیمان کے لوگ اپنی صفوں میں بیٹھے گند کو خود صاف کر لیں۔ اور حقیقت میں سزا کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ اگلے کو احساس دلا دیا جائے کہ یہ اُس نے غلطی کی ہے ، اور اس کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔
پارلیمنٹرین کے لیے میری تجویز ہے کہ ایسی قانون سازی کی جائے کہ جس سیاستدان پر بھی کرپشن کا الزام لگے یہ سیاستدان خود اُس کا احتساب کریں۔ اور انصاف کا ایک ایسا نظام بھی قائم کیا ہو جائے جو غیر جانبدار ہو۔ میرے خیال میں اگر اسے رول ماڈل بنا کر دوسرے اداروں پر لاگو کر دیا جائے تو ہم بہت سی برائیوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے لیے میری رائے ہے کہ چوروں کو پکڑنے کے ساتھ ساتھ وہ اپنی زیادہ انرجی ایسے ’’سسٹم‘‘ کو مرتب کر نے کے لیے خرچ کریں کہ آئندہ کوئی ایک روپے کی کرپشن کا بھی نہ سوچ سکے۔ یہ سسٹم خواہ انہی پارلیمنٹرین کے ذریعے بنوائیں تاکہ ان لوگوں کو احساس ہو کہ اُن کے درمیان گند بھی صاف ہونا چاہیے۔ اگر اب کی بار بھی ایسا نہ ہوا تو یقین مانیں کچھ نہیں بچے گا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024