لاہور:ڈیال گائوں میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، دیہاتیوں کا حملہ، رینجرز طلب
لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں مشتعل ہجوم نے سرکاری عملے و افسران پر حملہ کردیا، حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد ڈیال گائوں میں رینجرز کی نفری طلب کرنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر علی اکبر بھنڈر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر تھرڈ سرکل لیسکو محمد رشید چودھری، ایکسیئن شالیمار عامر نواز، عبداللہ شبیر، ایس ڈی اوز محمد علی، سبحان سعید نے ڈیال گائوں آپریشن کیا جہاں پر گائوں کی بجلی ڈائریکٹ سپلائی سے چلائی جارہی تھی۔ ایس ای تھرڈ محمد رشید چودھری نے گائوںکی بجلی منقطع کروائی اور کنڈے اتارنا شروع کئے تو گائوں کے مشتعل افراد نے تمام سرکاری افسران اور پولیس پر حملہ کردیا۔ پولیس کی دو بسیں موجود تھیں مگر مشتعل لوگوں کا ہجوم بڑھنے پر اے سی نے رینجرز کی نفری طلب کرلی جس کے بعد ہجوم کو کنٹرول کیا گیا۔ ایس ای تھرڈ سرکل محمد رشید چودھری نے بتایا گائوںکی بجلی ڈائریکٹ چل رہی تھی۔ 4 ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا گائوں کو جانے والے بجلی کے تار بھی اتار لئے گئے ہیں۔ بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے اور ڈی ٹیکشن بل بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔