لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
لاہور(صباح نیوز + نامہ نگاران)پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے ہلکی بارش کے بعد جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا وہیں سموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔لاہور، ملتان، شیخوپورہ، سیالکوٹ،صادق آباد اور گرد و نواح میں رات گئے بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی اور فضا میں موجود سموگ بھی چھٹ چکی ہے۔ چیچہ وطنی، چکوال، لودھراں شہر اور گردونواح میں سموگ سے شہریوں کو بدستور مشکلات کا سامنا ہے حدنگاہ متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ کے دوران شہری ماسک کا لازمی استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ ،بارش کی پھسلن کے باعث 4گاڑیاں ایک دوسرے کو بچاتے جی ٹی روڈ پر اُلٹ گئیں ،سکول کے طلبہ و طالبات سمیت 16افراد شدید زخمی ،حادثے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی،اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122،موٹر وے پولیس ،پٹرولنگ پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،زخمیوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچا یا گیا۔ زخمیوں میں سوار طلبا و طالبات سدرہ ولد سلیم،سویرا ولد غلام غوث ،نصرت ولد عبدالرسول ،عشرت ولد بشیر، قمر ولد شریف،ناہید اختر ولد اختر،وجاہت ولد عبدالرسول،حسین ولد عبدالرسول، عائشہ، شاہ ویز، آمنہ ساکنائے ضلع گجرات جبکہ دیگر گاڑیوں میں سوار نازیہ طاہر ولد طاہر، اللہ دتہ ولد دل محمد، جمشید بی بی زوجہ الیاس ساکنائے جہلم و دیگر ہیں۔