انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری، کئی مقامات پر واکس اور سیمینارز کا اہتمام

14 نومبر 2013

لاہور (خبر نگار+ لیڈی رپورٹر) رکن قومی اسمبلی ریاض ملک نے کہا  کہ راوی ٹاؤن میں 9 اور 10 محرم کو بھی انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رہیں گی  اور  یونین کونسلوں میں صفائی اور سپرے کے حوالے سے ٹیمیں بھیجی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے  انسداد ڈینگی اجلاس  کرتے ہوئے کیا۔  رکن صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ  دو دنوں میں راوی ٹاؤن سے ڈینگی کے چھ مثبت مریض سامنے آئے ہیں اس لیے یونین کونسل 10 اور یونین کونسل 12 میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز تر کیا جا رہا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی کرن ڈار نے کہا کہ تربیت یافتہ نرسوں کو ڈینگی آگاہی کے علاوہ لاروا سرویلنس پر بھی مامور کیا جائے۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے بعد منتخب عوامی نمائندوں نے ڈینگی آگاہی واک کی قیادت کی۔ واک حیدر سائیں چوک سے شروع ہو کر ٹی ایم اے آفس میں اختتام پذیر ہوئی۔ ارکان اسمبلی اور  ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا بادامی باغ عائشہ ممتاز نے مسافروں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔ ریاض ملک نے کہا کہ جن یونین کونسلوں میں محرم کے حوالے سے جلوس نہیں گزریں گے وہاں پر انسداد ڈینگی سرگرمیوں، آؤٹ ڈور اور ان ڈور ڈینگی لاروا سرویلنس جاری رہے گا۔دریں اثناء ڈینگی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی داتا گنج بخش ٹا ئون کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین، سپیشل سیکرٹری لو کل گورنمنٹ دا ئود احمد با ڑیچ  ہوا۔ جس میں ایم پی اے ماجد ظہور، ایڈمنسٹریٹر داتا گنج بخش ٹا ئون عبداللہ نیئر گنڈا پوری ،ما ہر حشرات،ٹی ایم او،ایل ڈبلیو ایم سی،واسا،پی ایچ اے،ایجوکیشن،کے افسران نے شرکت کی۔  بلال یٰسین نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لٹن روڈ پر واقع سٹیٹ لائف انشورنس کی بلڈنگ کے ساتھ پڑے کوڑے کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر کو فوری طور پر صاف کروائیں۔  یونین کونسل نمبر94شادمان میں فوگنگ سپرے کروائی جائے۔  ممبر ڈینگی رسپانس کمیٹی نشتر ٹاؤن وایم پی اے صبا  صادق نے ڈینگی کٹس کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا   ہے کہ ڈینگی وائرس کے خلاف عوام میں آگاہی مہم جاری ہے۔ صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال فہمیدہ مشتاق نے  سوشل ویلفیئر افسران و عملہ کی غیر تسلی بخش کارکردگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تنبیہ کی  ۔ علاوہ ازیں ڈینگی مکاؤ مہم کے سلسلہ میں سپیشل سیکرٹری ہائر  ایجوکیشن سہیل شہزاد، نعمان جمیل ڈپٹی سیکرٹری حکومت پنجاب نے تاریخی گورنمنٹ اسلامیہ کالج سو لائنز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کالج پرنسپل پروفیسر جاوید احمد باجوہ کے ساتھ ’’ڈینگی کے تدارک اور اس وبائی مرض کے پھیلائو کو روکنے کیلئے‘ کالج ہاسٹل، ’’ڈینگی سٹال‘‘ اور اس سلسلہ میں کئے گئے تمام اقدامات کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے کالج انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔  اس موقع پر پروفیسر دلاور عباس، پروفیسر خورشید احمد، پروفیسر کاشف فراز، پروفیسر عظمت علی، پروفیسر افتخار سہیل، پروفیسر عبدالرحیم بھی موجود تھے۔