جماعت اسلامی پرتنقید کرنیوالے اپنے گریبانوں میں جھانکیں: وسیم اختر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی وپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کے18کروڑ عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی ایک محب وطن سیاسی و دینی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میںچاہے 2005ء کازلزلہ ہویا2010ء کا سیلاب پاک فوج کے ساتھ مل کر کام کیا۔جماعت اسلامی کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے تنقید کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ اداروںکی ایک دوسرے پر بالادستی سے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں حالات خراب کئے جارہے ہیں۔ اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لئے ایک مخصوص طبقہ غیر ضروری اور غیر سیاسی باتوںمیں الجھا رہا ہے۔ عوام کو دووقت کی روٹی میسر نہیں۔ مہنگائی سے لوگوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے۔ ڈرون حملوں سے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی سب کچھ دائو پر لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1973کے آئین میں افراد اور اداروں کی حدود کا تعین کردیا گیا ہے۔ موجودہ نازک حالات میں تمام دینی،سیاسی اور مذہبی جماعتیں ملک و قوم کو غیر یقینی کی صورتحال سے باہر نکالنے کے لئے مل کرکام کریں۔