قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکامی‘ کھیل کی تباہی‘ بورڈ میں حکومتی مداخلت کا نتیجہ ہے: عمران خان

14 نومبر 2013

اسلام آباد (آئی این پی)  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکامی اور ملک میں کرکٹ  کی تباہی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میںحکومتی مداخلت  کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کے بوسیدہ نظام  اور سیاسی مداخلت جاری رہی تو کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کا  قیمتی ٹیلنٹ ضائع ہوجائے گا۔ خیبر پی کے میں جلد ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ’’ٹوئٹر‘‘ پر قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بدترین شکست پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ  ملک میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے نظام میں سیاسی مداخلت اور اجارہ داری کھیل کے شعبوںکو متاثر کررہی ہے جس کا نتیجہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کرکٹ  بورڈ کے نظام میں سیاسی خدمات کے عوض انتظامی امور میں تقرریاں ہورہی ہیں وہ کرکٹ کے ملکی ٹیلنٹ کو ضائع کرنے کا باعث  بن رہے ہیں۔ دنیا بھر میں کرکٹ کھیلی  ہے لیکن جتنی صلاحیت پاکستان میں ہے وہ دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں  لیکن بدقسمتی سے ملک میں کرکٹ کا باقاعدہ اور شفاف نظام تر ہونے کی وجہ سے  یہ ٹیلنٹ گروم نہیں ہورہا۔بہت جلد خیبر پی کے میں کرکٹ  کے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے اور فروغ دینے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ شفاف اور بہترین انداز میں صوبائی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے باقاعدہ ایک ادارہ  تشکیل  دیا جائے گا ۔ بہت جلد خیبرپختونخواہ سے کرکٹ کے کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہونگے جس کی مثال پوری دنیا دے گی ۔