بلے باز پھر ناکام‘ قومی ٹیم ٹی ٹونٹی میچ بھی ہار گئی

14 نومبر 2013

دبئی (سپورٹس ڈیسک) ٹیسٹ، ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی پاکستانی بلے باز ناکام ہوگئے۔ اوپنرز، مڈل آرڈر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ قومی ٹیم شکست کے بھنور میں پھنس گئی۔ 2  میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا۔ اوپنرز کے بعد مڈل آرڈر بھی ناکام رہا اور وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں۔ پاکستان نے عبدالرزاق اور شعیب ملک کو موقع دیا مگر وہ بھی کچھ کر دکھانے میں ناکام رہے۔ قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز تک محدود رہی۔ احمد شہزاد صفر، صہیب مقصود 4، شاہد آفریدی 10، کپتان محمد حفیظ صفر، شعیب ملک 12، عمر اکمل 49، عبدالرزاق 10، سہیل تنویر صفر، سعید اجمل صفر رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔ عبدالرحمن 7 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ڈیل سٹین نے 3، شوپے، عمران طاہر نے دودو جبکہ میکلیری نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 99 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری مگر بعد میں کپتان ڈوپلیسی اور کاک نے ٹارگٹ بغیر وکٹ کھوئے حاصل کرلیا۔ واحد آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ نے 13 رنز بنائے جنہیں سہیل تنویر نے بولڈ کیا۔ ڈی کاک 48 اور ڈوپلیسی 37 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ محمد حفیظ، محمد عرفان، سعید اجمل، شاہد آفریدی، عبدالرحمن کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ جنوبی افریقہ نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 14.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل دبئی میںکھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔