پاکستان نے دولت مشترکہ ریزرو فنڈ کی تجویز پیش کر دی، نوازشریف آج سری لنکا جائیں گے

14 نومبر 2013
پاکستان نے دولت مشترکہ ریزرو فنڈ کی تجویز پیش کر دی، نوازشریف آج سری لنکا جائیں گے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) دولت مشترکہ سربراہان کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نوازشریف آج تین روزہ دورہ پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو روانہ ہو رہے ہیں۔ پندرہ تا سترہ نومبر تک جاری رہنے والے اس دورہ کے موقع پر وزیراعظم کانفرنس میں شرکت کے علاوہ سری لنکا کے صدر اور دیگر سربراہان حکومت و مملکت کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں دولت مشترکہ نے مختلف شعبوں میں خاطرخواہ پیشرفت کی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک و تعاون کو مضبوط بنایا ہے۔ علاوہ ازیں نوازشریف نے دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سری لنکا کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ خصوصی پیغام میں انہوں نے صدر مہندرا راجا پاکسے کی مدبرانہ قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باصلاحیت قیادت کے تحت دولت مشترکہ ایک مستحکم اور مزید ہم آہنگ تنظیم بنے گی۔ ادھر پاکستان نے دولت مشترکہ ریزرو فنڈ کی تجویز پیش کر دی ہے۔ تجویز سیکرٹری خارجہ نے دولت مشترکہ کے کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں پیش کی۔ دوسری جانب نوازشریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ملاقات کی اور انہیں ملک میں محرم الحرام کے حوالے سے اندرونی سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ چودھری نثار نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی اقدامات سے بھی نوازشریف کو آگاہ کیا۔