شیڈول میں تبدیلی، بلدیاتی الیکشن نئے چیف الیکشن کمشنر کی نگرانی میں ہونگے

14 نومبر 2013

لاہور (مبشر حسن+ نیشن رپورٹ) سپریم کورٹ سے بلدیاتی الیکشن شیڈول کو تبدیل کرنے کی اجازت کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ آئندہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن نئے چیف الیکشن کمشنر کی نگرانی میں ہوں گے۔ نیا چیف الیکشن کمشنر بھی سپریم کورٹ کا جج ہو سکتا ہے یا اس حوالے سے حکومت کس کو نامزد کرے گی اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے چیف جسٹس افتخار چودھری 11دسمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں جبکہ ان کے بعد موجودہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تصدق حسین جیلانی نئے چیف جسٹس بنیں گے اور یہ عہدہ پھر خالی ہو جائے گا۔ آئین کے مطابق اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر چیف الیکشن کمشنر کے نام پر متفق نہ ہوں تو اس صورت میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیکشن کمشنر کا تقرر کرتے ہیں اگر یہی طریقہ اپنایا گیا تو اس صورت میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے بعد سب سے سینئر جج جسٹس ناصر الملک نئے چیف الیکشن کمشنر بنیں گے اس حوالے سے لطیف کھوسہ نے دی نیشن سے گفتگو میں کہا کہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی اپنی ان ذمہ داریوں کے ساتھ سپریم کورٹ میں بھی بطور جج اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔