بلدیاتی الیکشن مارچ میں ہونے چاہئیں، وزیر پارلیمانی امور سندھ الیکشن کمشن سے ملکر کام کرینگے، شرجیل

14 نومبر 2013

کراچی(آن لائن)بلدیاتی انتخابات کے لیے سندھ نے الیکشن کمیشن کی تجویز کردہ 18 جنوری کی تاریخ سے اختلاف کر دیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام ابھی باقی ہے، 18 جنوری کو الیکشن کرانا ممکن نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا  کہنا ہے کہ سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے کہے گی۔ صوبائی وزیرپارلیمانی امور سکندر میندھرو نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالتی احکامات پر انتخابات نومبر یا دسمبر میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار تھے، مگر تیاریاں مکمل نہیں تھیں۔ مارچ تک تمام انتظامات مکمل کرلیے جائیں گے، تبھی الیکشن ہونے چاہئیں۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر مقررہ تاریخ پر انتخابات کرانے کیلئے کام کیا جائے گا۔