بلدیاتی الیکشن سرائیکی صوبے کے حوالے سے ریفرنڈم ثابت ہونگے: ڈاکٹر غضنفر مہدی

14 نومبر 2013

ملتان (خاتون رپورٹر) ورلڈ سرائیکی فورم کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے گزشتہ روز سرائیکی رہنما نسیم لابر کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سرائیکی صوبے کے حوالے سے ریفرنڈم ثابت ہونگے جو امیدوار سرائیکی صوبے کی مخالفت کرے گا عوام اسے مسترد کر دیں گے۔ سرائیکی صوبے کی تحریک پیپلز پارٹی کی مرہون منت نہیں۔ سرائیکی صوبے کا قیام وفاق کی علامت ہے یہ امر افسوسناک ہے کہ سرائیکی خطے کو پسماندہ رکھنے کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں نے اپر پنجاب کو نوازا وفاقی و صوبائی سطح پر پبلک سرول کمشن کا کوٹہ موجود ہے مگر سرائیکی صوبے کی نمائندگی نہیں۔ اپر پنجاب سرائیکی خطے کا 15 ارب روپے کا مقروض ہے۔ میٹرو بس کی بجائے سرائیکی خطے میں سڑکیں بنا کر پسماندگی دور کی جا سکتی تھی۔ بہاولپور صوبہ کی تحریک سرائیکی صوبے کے قیام کے خلاف سازش تھی۔ سرائیکی صوبہ کی تحریک کی بنیاد نواب آف بہاولپور نے رکھی۔ مخدوم سجاد قریشی اور مخدوم حامد رضا گیلانی نے اس تحریک کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ملک نسیم لابر‘ عامر شہزاد صدیقی‘ سلیم بخاری‘ حسن رضا بخاری بھی موجود تھے۔
: ڈاکٹر غضنفر مہدی