علامہ اقبال کی شاعری نے مسلمان قوم کو آزدی دی: حمید رضا صدیقی

14 نومبر 2013

ملتان (لیڈی رپورٹر) برٹش کالج میں گزشتہ روز علامہ اقبالؒ کی فکری شاعری کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کی مہمان خصوصی تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن رشید احمد نیازی تھے جبکہ مہمانان اعزاز پروفیسر حماد‘ وائس پرنسپل گرلز برانچ میڈم سعیدہ یونس‘ میڈم کومل تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی فلسفانہ شاعری نے مسلمان قوم کو آزادی اور خودی کی آگہی کی تربیت دی جس نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی پہچان اور انفرادی آزادی کی تعلیم دی اور لاکھوں فرزندان توحید کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا درس دیا۔ رشید احمد نیازی نے کہا کہ دو قومی نظریہ ہماری بقاءکا ضامان ہے۔ پروفیسر حماد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ تعلیمی اداروں میں اقبالؒ کی شاعری کی ترجمانی اساتذہ اپنے قول و فعل سے کریں۔ وائس پرنسپل سعیدہ یونس نے کہا کہ اقبالؒ کی شاعری اور اقوال پر عمل پیرا ہو کر نوجوان نسل تابناک مستقبل سے ہمکنار ہوسکتی ہے۔ تقریب سے میڈم کومل اور دیگر طلباءنے بھی خطاب کیا۔