پاکستان سے اسلام کو دیس نکالا دیا جا رہا ہے ،ایک سو علما کا وزیراعظم کے نام کھلا خط

14 نومبر 2013
 پاکستان سے اسلام کو دیس نکالا دیا جا رہا ہے ،ایک سو علما کا وزیراعظم کے نام کھلا خط

لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر افضل قادری کی زیر قیادت  ایک سو علما نے وزیراعظم میاں نواز شریف کے نام ’’اسلام کے نام پر حاصل کئے پاکستان سے اسلام کو دیس نکالا دیا جا رہا ہے‘‘ کے عنوان سے کھلا خط تحریر کیا کہ جس میں غربت افلاس مہنگائی بدامنی لاقانونیت دہشت گردی حکام اور افسر شاہی کی لوٹ مار کی  وجہ سے مظلوم عوام انتہائی تباہ حالی و کسمپرسی کا شکار ہیں۔ پاکستان کا نظام معیشت سودی ہے، حکومتی پالیسیاں اسلام سے متصادم ہیں بے پردگی عریانی فحاشی اور بے راہ روی  میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے تعلیمی  اور حکومتی اداروں میں نوجوان مردوں اور عورتوں کا اختلاط عام ہے جس کا نتیجہ گناہ ہے، میڈیا  کو غلیظ  سے غلیظ تر مناظر دکھانے کی کھلی چھٹی ہے اور چند لوگ روشن خیالی کے نام پر جانوروں جیسی مکمل آزادی کے لئے کوشاں ہیں۔