عوام کی اکثریت اقوام متحدہ کے اداروں کی پاکستان میں خدمات سے ناواقف ہے‘گورنر

14 نومبر 2013

کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت پر معمور اقوام متحدہ کا ادارہ عرصہ دراز سے عام افراد کو مختلف شعبہ جات میں مد د فراہم کررہاہے لیکن پاکستانی عوام کی اکثریت اس ادارے کی خدمات سے نا واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام افراد تک فائدہ پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کے تمام ذیلی اداروں کے درمیان باہمی ربط قائم ہو تاکہ ان اداروں کی کارکردگی سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی تشہیر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کی کارکردگی سے ناواقف ہیں لیکن دنیا جانتی ہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی کا رکردگی دیگر این جی اوز اور انسانی خدمت پرمعمور بین الاقوامی اداروں سے بہت بہتر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاﺅس میں یو این ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر ٹیمو پکالاسے ملاقات میں کہی ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ عوام کو اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی کارکردگی اور ان کی افادیت کا اندازہ اس وقت ہوسکتا ہے جب ان اداروں کی تشہیر کی جائے جس کے لئے میڈیا کو آرڈینیشن ضروری ہے ۔