حکومت امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کےلئے کوشاں ہے‘شرجیل میمن

14 نومبر 2013

کراچی (وقائع نگار) سندھ کے وزیر بلدیات اور اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، سیکرٹری بلدیات سمیت تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہر میں ہونے والی تمام مجالس، جلوسوں اور عزاداری کے موقع پر صفاقی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور تمام محافل میںپانی کی فراہمی سمیت تمام ضروریات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان ایام کے دوران شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرے اور تمام مجالس اور جلوسوں میں کے ای ایس سی کی گاڑیوں کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں فوری طور پر بجلی بحال کی جاسکے۔ وہ بدھ کو اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور کسی بھی قسم کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پولیس، رینجرز اور امن و امان کی بحالی کے دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ حکومت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو مکمل کنٹرول کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ عوام، علماءکرام اور مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی اس میں اپنا کردار ادا کریں۔