فرقہ ورانہ ہم آہنگی کیلئے رابطہ کمیٹی ارکان کی مذہبی رہنماﺅں سے ملاقاتیں

14 نومبر 2013

کراچی( خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین احمد سلیم صدیقی اورعادل خان نے محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے سلسلے میںگزشتہ روز معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی ، ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور اور معروف عالم دین ڈاکٹر وقار عظیمی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیںاور محرم الحرام کے دوران تمام مسالک کے درمیان پیار ، محبت اور مذہبی رواداری کے فروغ اور امن و امان کے قیام کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی ، علماءکمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین مسلم امہ کے مسالک کے درمیان گھناﺅنی سازشوں کے ذریعے پیدا کی گئی فرقہ واریت اور نفرتوں کوایک دوسرے کیلئے نہ صرف انتہائی نقصان دہ سمجھتے ہیں بلکہ اسے اتحاد بین المسلمین کیلئے گھناﺅنی سازش قرار دیتے ہیں ۔ اس موقع پر علمائے کرام نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے رابطوں اور ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے ۔