ایرانی اسلحہ سمگلنگ کیس: یمنی عدالت سے 9 شہریوں کو 10 سال قید کی سزا
صنعاء (آن لائن)یمن کی ایک عدالت برائے انسداد دہشت گردی نے بحری جہازجیہان 1 کے عملے کے 9 ارکان کو ایران کا جدید اسلحہ سمگل کرنے کی پاداش میں ایک سے 10 سال تک کے عرصے کی قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی کوسٹ گارڈ حکام نے رواں سال فروری میں "جیہان 1" بحری جہاز پر لادا گیا ایرانی اسلحہ قبضے میں لیکر وزارت دفاع کے حوالے کر دیا تھا۔ جہاز کے عملے سے 30 ہزار ڈالر مالیت کے کرنسی نوٹ بھی قبضے میں لی گئی تھی۔ یمنی حکام کے مطابق "جیہان1" پر ایرانی ساختہ جدید ترین اسلحہ، "اسٹرلا" میزائل، پانچ کلومیٹر فاصلے تک ہوائی جہازوں کو نشانہ بنانے والی توپیں، کئی ٹن "C4" باوردی مواد اور دیگر دھماکہ خیز آلات لدے ہوئے تھے۔ تمام ملزمان یمنی ہیں۔یمن کے شہر حضر موت کی فوجداری عدالت نے اسی نوعیت کے ایک دوسرے مقدمہ میں اپیل کورٹ کی سزا میں ترمیم کرتے ہوئے دو ملزمان کی قید چھ سے کم کرکے تین سال کردی اور ایک کو بری کردیا۔