ٹیکسوں میں کمی کا نوٹیفکیشن نہیں ملا، ہڑتال جاری رہے گی: گڈز ٹرانسپورٹرز

14 نومبر 2013

کراچی (نیوز رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان نے کہا ہے کہ اب تک ایف بی آر کی جانب سے ٹیکسوں میں کمی کا نوٹیفکیشن نہیں ملا اور نہ ہی کے پی ٹی کی طرف سے ٹرانسپورٹرز کیلئے مختص زمین انہیں دی گئی۔ کراچی چیمبر آف کامرس کی مداخلت پر ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات 17 سے کم کرکے 5 کردئیے ہیں مگر ساتھ ہی ساتھ یہ واضح کردیا ہے کہ انکی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری جانب صنعتکار اور تاجروں کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے نہ چلنے سے تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ برآمدی آرڈرز وقت پر پورے ہو رہے ہیں اور نہ ہی فیکٹریوں کو مال تیار کرنے کیلئے خام مال مل رہا ہے اس کے علاوہ شپنگ لائن کو لاکھوں ڈالر کے جرمانے الگ دینے پڑیں گے۔ علاوہ ازیں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال 8ویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔